لاہور: نامور گلوکارہ آئمہ بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہیں فلم ’’ بارہواں کھلاڑی ‘‘میں اداکاری کی آفر ہوئی تو ان دنوں وہ سنگین بیماری میں مبتلا تھیں، 6 ماہ تک ویل چیئر پر تھی ۔
گلوکارہ نے حال ہی میں یوٹیوبر شاہویر جعفری کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی ۔ میزبان نے سوال کیا کہ آپ کو ’’ بارہواں کھلاڑی‘‘ میں کاسٹ کیا گیا تھا لیکن آپ نے کاسٹ میں شامل نہیں ہونا چاہتی تھی اس کی کیا وجہ ہے؟ ۔
آئمہ بیگ نے انکشاف کیا کہ وہ ان دنوں آرتھرائٹس نامی سنگین بیماری کا شکار تھیں جس جوڑوں کا درد بھی کہا جاتا ہے ، اس مرض میں جوڑوں میں مسلسل درد کے ساتھ ساتھ سوزش بھی رہتی ہے ۔ اس وقت میرے ایک پاؤں کا سائز 37 اور دوسرے پاؤں کا سائز 38 ہوگیا تھا، گھٹنے، جوڑوں سمیت تمام ہڈیوں میں بہت زیادہ سوجن ہوگئی تھی۔ میرے بال جھڑنا شروع ہوگئے تھے، وزن بڑھنا شروع ہوگیا تھا کیونکہ ہر صبح میں 12 گولیاں کھاتی تھی‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’نیویارک کے ایک ڈاکٹر نے مجھے کچھ انجکشن لگائے جس کے بعد میں ویل چیئر سے اٹھنے کے قابل ہوئی۔
آئمہ کا کہنا تھا کہ جب فلم کے لیے کاسٹ کیا جارہا تھا تو میں نے اس وقت ماہرہ خان سے شیئر کیا تھا، انہوں نے میری حالت کو سمجھا، اس کے لیے میں ان کی شکر گزار ہوں۔