کراچی: سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم لندن نے مخالف گروہ کے قائدین کو نشانہ بنانے کے لیے جنوبی افریقا کی ٹیم کو ٹاسک دے دیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق جنوبی افریقا میں موجود نیٹ ورک کے مبینہ کارندوں نے کراچی اور حیدرآباد میں موجود اپنے سلیپر سیل سے رابطے کیے اور انہیں عید پر بدامنی پھیلانے کا ٹاسک دیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق عید کے موقع پر سندھ کے دو بڑے شہروں کراچی اور حیدرآباد میں دہشت گردوں کی جانب سے بدامنی پھیلائی جاسکتی ہے اور سیلپر سیلز کے ذریعے ایم کیو ایم پاکستان کے بعض رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے جنوبی افریقا میں موجود اکیس دہشت گردوں کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی حکام نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو بھی نقل و حرکت محدود کرنے اور سیکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی حکام نے کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم لندن کے کارندوں اور بالخصوص جنوبی افریقا کی ٹیم سے رابطے میں آنے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مبینہ دہشت گردوں کی نشاندہی کے لیے مخبری کا نیٹ ورک مزید وسیع کیا گیا ہے اور نشاندہی پر کارروائی کی جارہی ہے۔