کراچی کے لیے آواز اٹھانے والے صحافی کو ڈکیتوں نے لوٹ لیا
ایکسپریس نیوز کراچی کے بیورو چیف اور شہر قائد کے مسائل اجاگر کرنے والے معروف صحافی فیصل حسین کو ڈکیتوں نے لوٹ لیا۔
فیصل حسین کے ساتھ ڈکیتی کی واردات شرف آباد کے علاقے میں نماز عصر کے وقت پیش آئی، وہ اے ٹی ایم سے 25 ہزار روپے لے کر نکلے تو ڈکیتوں نے ان سے پیسے چھینے اور اے ٹی ایم میں دوبارہ لے کر گئے جہاں پستول کی نوک پر مزید پچیس ہزار روپے نکلوائے۔
ڈکیتوں نے فیصل حسین سے آئی فون بھی چھینا جبکہ وہ گاڑی کی چابی اور اے ٹی ایم کارڈ بھی لے گئے جاتے وقت پستول کی نوک پر اے ٹی ایم کا پن نمبر بھی پوچھا۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے واقعے کا نوٹس لیا اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر کے چھینا گیا سامان بمعہ کیش جلد از جلد برآمد کر کے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔