کراچی:وزیراعلیٰ سندھ نے40 ٹول پلازوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ کی منظوری دیدی۔
اجلاس میں آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی تفتیش، سیکرٹری خزانہ و دیگر افسران نے شرکت کی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ داخلی راستوں پر سیکورٹی بڑھانا ناگزیر ہے۔
40 ٹول پلازے ہیں، جہاں ہائی ڈیفینیشن کیمرے نصب کئے جائیں، آئی جی سندھ نے بتایا کہ 1.56 بلین روپے کا سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ تیار کیا ہے، کیمروں میں بلیک لسٹ گاڑیوں اور مجرموں کیلئے سینٹرالائزڈ مانیٹرنگ اینڈ الرٹ سسٹم ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے اسکیم کی منظوری دی اور آئی جی کو ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد شروع کیا جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تفتیش کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے منصوبہ بنایا جائے تاکہ مقدمات کی تفتیش شفاف ہو، تفتیشی الاونس دینا چاہتا ہوں۔
سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ اسکیم تیار کرکے محکمہ خزانہ کو بھیج چکے، وزیراعلیٰ نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ اسکیم کو فوری منظوری کیلئے بھیجیں، چاہتے ہیں پولیس کچے سے ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کرے، پولیس ضروری آلات خرید کر مشترکہ آپریشن شروع کرے۔