کراچی: کراچی کے چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی ’ نورجہاں‘ کا علاج جاری ہے۔
ڈائریکٹرچڑیاگھرکنورایوب نے بتایا گزشتہ روز اس کے ٹیسٹ اور الٹرا سائونڈ بھی کیے گئے جس کی رپورٹ آنے کے بعد اسے فور پاز ٹیم کو ارسال کیا جائے گا،ہتھنی کا ہر 3 سے 4 گھنٹے میں پہلو تبدیل کرایا جا رہا ہے اور منگل کی صبح بھی اس کی پوزیشن تبدیل کرائی گئی جبکہ ملٹی وٹامنز ڈرپس اور ادویہ بھی دی جا رہی ہیں جس سے نورجہاں کا انرجی لیول بڑھا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہتھنی کی صحت کیلئے ماہرین پرمشتمل کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔
سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے ’ نورجہاں‘ کی تیمارداری کرتے ہوئے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جس میں وہ نورجہاں کو نہلا رہے ہیں اور اس کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔