کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ ایک شخص کی سیاست نے عدلیہ میڈیا اورعوام کوتقسیم کردیا،عمران خان سیاسی دہشت گردی پراترآیا ہے،پی پی الیکشن کےلیے تیار ہے، ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے،ووٹ کی طاقت سے کراچی کی طرح پورے ملک سے سیاسی دہشت گردوں کوختم کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشری کا نیاطرزمتعارف کراکےقانون کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے،جوڈیشری ٹائیگر فورس نہ بنے، اگر ہم نے اعلان کیا کہ چار اپریل ہم سپریم کورٹ میں منائیں گے تو کیا ہوگا ،اب ہم روایتی اپوزیشن اور روایتی احتجاج نہیں کرینگے،منصف بنو سیاستدان مت بنو،اپ اپنا کام کرو سیاستدان مت بنو ،انصاف دو ورنہ چھین لینگے۔
ان کا کہنا تھا ہم نے کہا مشرف کو بلائو، وہ مشرف کا ٹرائل نہیں کر سکے ۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایک دن ماننا پڑے گا کشمیر اپنے قسمت کا فیصلہ خود کرے گا،بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پرپیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت جشن فتح کی مناسبت سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن تاریخی تھے،عوام نے “ہم سب کا سندھ” کے نعرے پر اعتماد کر کے تاریخ رقم کر دی، کراچی سے کشمور تک جیالوں کی حکومت ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات جتوانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں تقسیم کی سیاست چلتی تھی۔ جیالوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیا،سندھ ایک ہے ایک تھا اور ہمیشہ ایک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کو دفن کریں گے۔ ہم پہلے بھی چاروں صوبوں کی زنجیر تھے، آج بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کراچی میں صرف ٹریلردکھایا،کراچی نے پی ٹی آئی کو خداحافظ کہہ دیاہے اب پورےملک سے بھی ان سیاسی دہشت گردوں کو فارغ کریں گےپیپلز پارٹی الیکشن لڑنا بھی جانتی ہے اور جیتنا بھی ، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پیپلز پارٹی الیکشن کےلیے تیار ہے، ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خود کو بہادر لیڈر کہتا ہے لیکن بالٹی پہنے بغیر گھر سے نکل نہیں سکتا، اس نے ایک رات بھی جیل میں نہیں گزاری، کپتان ایک رات بھی گیسٹ ہاؤس میں برداشت نہیں کرسکا،جیل کے خوف سے انہوں نے پورے پاکستان کو جلادیا، کہتا ہے جج صاحب مجھے رہا کرو، میں پورا دن باتھ روم نہیں گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بالٹی والے لیڈر نے اپنی ذات کے خاطر پاکستان کو نقصان پہنچایا۔