معروف مبلغ اور ہر دل عزیز مولانا طارق جمیل نے اپنے اوپر عائد ہونے والے کرپشن کے الزامات کی تردید کی اور تیاری شروع کردی۔
مولانا طارق جمیل کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت نے اُن کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں جن میں یہ بات سامنے آئی کہ اُن کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے موجود ہیں جبکہ اُن کا بیٹا ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک ہے۔
دعویٰ کیا گیا تھا کہ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مولانا نے اپنے علاقے کے دو لوگوں کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دلوایا۔
اب اس حوالے سے مولانا نے اپنے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی میرے بیٹے کی کوئی ہاؤسنگ اسکیم ہے، دروازہ کھلا ہے جو بھی آکر تحقیق کرنا چاہے کرسکتا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے فیس بک پر اپنی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ انسٹریکٹر سے فٹنس ٹریننگ لے رہے ہیں، اس سے محسوس ہوتا ہے کہ مولانا نے مکمل فٹ ہوکر میدان میں واپس آنے کی تیاری شروع کردی۔