کراچی: جماعت اسلامی کے امیر اور میئر کراچی کے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جو رویہ اختیار کیا ہوا ہے کہ وہ جمہوریت نہیں بلکہ فسطائیت ہے۔
ادارہ نورِ حق میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمینز کو اٹھایا جارہا ہے تاکہ میئر کا انتخاب ہم نہ جیت سکیں مگر صورت حال ہمارے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے اور اداروں کے دل میں بات ڈال دے تاکہ یہ جمہوریت کی پامالی کے سلسلے کو روک دیں، صورت حال اور اعداد و شمار ہمارے حق میں ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ انشاء اللہ میئر کراچی بن کر تمام قومیتوں اور مذاہب کا فرق ختم کردیں گے، ہم شہر میں رہنے والے ہر شخص کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور یہ کر کے دکھائیں گے اگر پیپلزپارٹی شہر سے اتنی مخلص ہے تو ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے کام کیوں نہیں ہوئے جس کی عوام بھی شہادت دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ کل آرٹس کونسل میں ووٹ ڈالنے آئیں گے انہیں ادارے یا پولیس نہیں روکے گی کیونکہ الیکشن کمیشن نے یہ یقین دہانی کرائی ہے تاہم اگر ایسا ہوا تو ہم اور عوام وہاں پر موجود ہوں گے اور پھر صورت حال کو دیکھ کر ہی فیصلہ کریں گے۔
امیدواروں کو اٹھانے سے متعلق سوال کے جواب حافظ نعیم نے کہا کہ اگر ایسا ہی ہے تو پھر مجھے کیوں نہیں اٹھا رہے، جب امیدوار ہی نہیں ہوگا تو پھر فیصلہ آسانی سے آجائے گا۔