وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلدیاتی نمائندوں کو سندھ حکومت کے تعاون کی ہر ممکن یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں آپ تمام نمائندوں کے مسائل کو حل کریں گے ، ہم بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور سب مل کر کام کریں گے شہر ترقی کرے گا۔
یہ بات انھوں نے کراچی کے بلدیاتی نمائندگان، میئرز اور ٹاؤن چیئرمنز سے دو روزہ ملاقات پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام مہمانوں کا تواضع چائے ،بسکٹ، پکوڑے، دہی بڑے اور جلیبی کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر کے ایم سی کے میئر مرتضیٰ وہاب ، ڈپٹی میئر سلمان مراد اور ٹائون کے چیئرمین اور وائس چیئرمین سمیت ضلع جنوبی ٹاؤن کے 2 ، غربی کے 5، کیماڑی کے 3، ملیر کے 3، وسطی کے5، شرقی 5 اور کورنگی کے 4 ٹائونز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ملاقات کے آغاز میں وزیراعلیٰ سندھ نے پی پی پی ، جماعت اسلامی ، پی ٹی آئی اور آزاد ٹائون چیئرمین /وائس چیئرمین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹائون چیئرمین /وائس چیئرمین سے چائے پر ساتھ بیٹھنے کا مقصد بہتر کارکردگی کے حوالے سے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا سیاسی عمل ہے اور ابسیاست سے بالاتر ہوکر شہر کی خدمت کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں آپ تمام لوگوں کے مسائل کو حل کیا جائیگا،اگر سب ملکر کام کرینگے تو شہر ترقی کرے گا۔
KARACHI: Sindh Chief Minister Syed Murad Ali Shah invited Mayor, deputy mayor KMC, Town chairmen and Vice chairmen of Karachi Division to CM House to discuss their issues over a cup of tea. We have to work together for the development of this city, said CM. pic.twitter.com/W6NFyitQ0o
— Sindh Chief Minister House (@SindhCMHouse) July 12, 2023
اس موقع پر میئر کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے وزیراعلی سندھ کی سپورٹ سے شہر کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرینگے۔ پارٹی قیادت کی ہدایت ہے کہ اس شہر سمیت صوبے بھر کے مسائل حل کریں۔
انھوں نے کہا کہ شہر کے مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی قیادت کے پاس ہے، ہماری قیادت کراچی کے عوام کے ساتھ مخلص ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہر کے دیرینہ مسائل ہم ملکر حل کرینگے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے ٹاؤن کے ہر نمائندے سے الگ الگ مسائل اور تجاویز سنتے ہوئے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ کو ان تجاویز پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ کراچی شہر صاف ستھرا ، خوبصورت اور زبردست نظر آئے ؛6 مہینے کے ٹرازیشن پریڈ میں بھرپور کام کرکے دکھانا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی چیئرمینوں کو ہدایت کی وہ اپنے مسائل کے حوالے سے انھیں خط لکھیں اور میں آپ کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے میونسپل مجسٹریٹ کی تقرری کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل مجسریٹ شہر میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ ہر صورت میں پانی کی چوری کو روکنا ہے اور نالوں کی صفائی، سالڈ ویسٹ کی طرف سے صفائی کے کام کو یقینی بنانا ہے۔
انھوں نے مزید ہدایت کی کہ آپ لوگوں کو اپنے علاقے کی سڑکوں، ندی نالوں ، پُلوں کی حفاظت کرنی ہے اورجعلی اور گھوسٹ ملازمین کو برطرف کرناہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک بار پھر بلدیاتی نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مشترکہ طورپرایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے شہر کی خدمت کرنا ہوگی اور اس کیلئے میں آپ کے ہاتھ مضبوط کروں گا۔