ہیلمٹ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پہنا جاتا ہے کہ تاکہ کسی حادثے کی صورت میں سر کی گہری چوٹ سے محفوظ رہا جاسکے، تاہم بھارتی ریاست تلنگانہ کے سرکاری دفتر یں ملازمین ہیلمٹ پہن کر کام کررہے ہیں۔
ایسا نہیں ہے کہ انہیں ہیلمٹ پہننے کا حکم دیا گیا ہے یا پھر وہ راضی خوشی ہیلمٹ کا بوجھ سر پر رکھ کر دفتری امور انجام دے رہے ہیں۔
قصہ یہ ہے کہ ضلع جگتیال کے بلدیاتی سرکاری دفتر کی سال خوردہ عمارت کی چھت سے پلستر اکھڑ کر گرتا رہتا ہے جس سے بچاؤ کے لیے ملازمین نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا ہے کیونکہ ان کی بار بار شکایات کے باوجود کمروں کی چھت کی مرمت نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے دفتر کو کسی اور عمارت میں منتقل کیا گیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق منڈل پریشد ڈیولمپنٹ آفس کی چھت سے ایک سال کے دوران متعدد بار پلستر کے ٹکڑے گر چکے ہیں جن سے ملازم زخمی بھی ہوئے ہیں۔ا س کے علاوہ بارش کے دوران چھت سے دھاروں کی صورت میں پانی گرتا ہے۔
چنانچہ جب بار بار کی شکایات کے باوجود اعلیٰ حکام کے کانوں پر جوں نہ رینگی تو ملازم نے مرتا کیا نہ کرتا کہ مصداق اپنی حفاظت کے لیے ہیلمٹ پہن کر کام کرنا شروع کردیا۔