ویگو گاڑی حادثہ؛ ملزم اور متاثرین کے درمیان صلح ہوگئی

کراچی میں ویگو  گاڑی  کی ٹکر سے زخمی ہونیوالے شہریوں اور  ملزم کے  درمیان صلح ہوگئی۔ 

ستائیس اگست کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک ویگو گاڑی شہریوں پر چڑھ دوڑی تھی جس کے نتیجے میں  ایک ہی خاندان کے چار افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں سجاد، ان کی دو بیٹیاں اور بھانجی شامل تھے۔

 حادثے  کے بعد ویگو کا ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہوگیا  تھا جسے وقوعے کے چند روز بعد پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ اس واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور  عوام کی جانب سے ویگو کے ڈرائیور پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔

  اب متاثرہ شہری سجاد اور ملزم کے اہل خانہ کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ شہری سجاد نے بتایا کہ ملزم کے والد جامعہ بنوریہ کے  اکابرین کے ہمراہ ملاقات کے لیے ان کے پاس پہنچے جس کے بعد اب ان کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔

متاثرہ شہری سجاد کا کہنا تھا کہ ملزم کے اہل خانہ ان کے اور ان کے بچوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کریں گے جبکہ اس کے علاوہ وہ چونکہ ٹانگ میں فریکچر کے باعث طویل عرصے تک بیڈ ریسٹ کریں گے لہٰذا مزید مالی تعاون بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایاکہ صلح کو پیر کو حتمی و تحریری شکل بھی دے دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: