نگراں وزیربلدیات کی ایس بی سی اے کو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت

 نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے ایس بی  سی اے حکام کو  تمام پلاٹوں  کے نقشوں کی منظوری عوام کے لیے آسان بنانے کی ہدایت کردی۔ 

پیر کے روز نگران صوبائی وزیر  بلدیات محمد مبین جمانی نے ایس بی سی اے کے ون ونڈو سیکشن کا بھی دورہ کیا اور وہاں عوام کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔

 اس موقع پر ڈی جی ایس بی سی اے محمد یاسین شر، ایڈیشنل ڈی جی بینش احمر، ڈائریکٹر آئی ٹی، تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، بلڈنگ انسپکٹرز و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں نگران صوبائی وزیر نے ایس بی سی اے کے شکایتی سیل کا افتتاح کیا اور وہاں شکایات  کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔

ایس بی سی اے کے افسران کے تعارفی اجلاس کے دوران نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے ایس بی سی اے کی ویجیلنیس ٹیم کے کاموں کے حوالے سے ان سے باز پرس کی اور کہا کہ کیا ہائی رائز بنانے سے قبل مذکورہ علاقہ کی سوک سہولیات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

مبین جمانی نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ہائی رائز عمارتیں تو بنا دی جاتی ہیں لیکن وہاں پانی، سیوریج، گیس، بجلی سمیت دیگر ضروریات کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا اس کو میں نہیں کہتا لیکن جو کل تک ہوا اب یہ آگے نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے تمام رہائشی پلاٹس چاہے وہ 60 گز کا  ہو  یا 1000 گز کا ان کے نقشوں کی منظوری سمیت تمام کو ون ونڈو کے تحت چلایا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ معلوم نہیں ہم تین مہینے سال ہا کتنے عرصے کیلیے آئے ہیں تاہم اس دوران عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: