ایپل کے فون کی کیسنگ چمڑے کی بنی ہوتی ہے مگر اب یہ کہا جارہا ہے کہ آئی فون کے نئے ورژن کے لیے کمپنی ماحول دوست مواد سے بنی کیسنگ متعارف کرارہی ہے۔
واضح رہے کہ آئی فون 15 رواں ماہ کی 12 تاریخ کو فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا، جس کے لیے ایپل نے روایتی چمڑے سے بنی کیسنگ کو خیرباد کہہ دیا ہے اور ماحول دوست مواد سے نئی کیسنگ تیار کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر آئی فون 15 کی نئی کیسنگ کی تصاویر گردش کررہی ہیں۔ نئی کیسنگ اگرچہ بظاہر چمڑے سے بنی ہی نظر آرہی ہے مگر کچھ صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ چرمی کیسنگ نہیں ہے بلکہ ایپل نے ماحول دوست مواد سے کیسنگ تیار کی ہے۔
ایپل نے اپنے مشہور اسمارٹ فون کے لیے چمڑے کی کیسنگ پہلی بار 2013 میں متعارف کرائی تھی، اور اسے سب سے پہلے آئی فون فائیو ایس کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔
وقت کے ساتھ یہ کیسنگ اپ ڈیٹ ہوتی رہی ہیں اور نئے رنگوں اور نت نئے ڈیزائن کے ساتھ پیش کی جاتی رہی ہیں، تاہم اب ممکنہ طور پر ایپل نے چرمی کیسنگ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔