نگراں وزیرداخلہ سندھ نے ڈی آئی جی کراچی کو شاہراہ فیصل پرکارساز سے لے کرائیرپورٹ تک موٹر سائیکل سواروں کے لیے علیحدہ ٹریک کا ماڈل پروجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔
نگراں وزیرداخلہ سندھ بریگیڈیئررحارث نواز نے ڈی آئی جی ٹریفک کے آفس کا دورہ کیا، اس موقع پرڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نوازچیمہ نے انہیں ٹریفک پولیس رینج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک پولیس میں 9ہزار77 سینکشنڈ پوسٹس ہیں جبکہ 5ہزار557 اہلکار ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ شہر میں 153 ٹریفک سگنلز ہیں جس میں 86 ٹریفک انجینئیرنگ بیورو،96 کینٹونمنٹ بورڈزاور2 سی اےاے کی مینجمنٹ کے تحت کام کرتے ہیں، ٹریفک ہیلپ لائن 1915 جوبیس گھنٹے شہریوں کی خدمت پرمامورہے۔
اس موقع پرنگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ شاہراہ فیصل پرکارساز سے لے کرائیرپورٹ تک موٹر سائیکل سواروں کے لیے علیحدہ ٹریک کا ماڈل پروجیکٹ شروع کیا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کو ممکن بنایا جائے۔
واضح رہے کہ 2020 میں بھی میئر کراچی وسیم اختر کے دور میں شاہراہ فیصل پر موٹرسائیکل سواروں کے لیے الگ ٹریک بنایا گیا تھا مگر موٹرسائیکل سواروں کو صرف اسی ٹریک کو استعمال کرنے کا پابند نہیں بنایا جاسکا تھا۔