میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ ہم ایک جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لیے میدان عمل میں اترے ہیں، ہم میں اور دوسروں میں فرق یہ ہے کہ دوسرے محض اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کرتے ہیں اور ہم کام کرکے دکھاتے ہیں۔
شیر شاہ روڈ اور برساتی نالے کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اُمید کی جو کرن روشن کی وہ تیر کے ذریعے آگے جائے گی،شیر شاہ چوک سے مرزا آدم خان روڈ تک ایک اعشاریہ چھ کلومیٹر سڑک اور 4 ہزار 700 رننگ فٹ برساتی نالے کو تقریباً 43 کروڑ روپے لاگت سے ازسر نو تعمیر کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ٹاؤن چیئرمین،یوسی چیئرمین، پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیداران، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ کراچی اور دیگر بھی موجود تھے
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیر شاہ روڈ کا علاقہ اہم کاروباری مرکز ہے جہاں اس کام کی اشد ضرورت تھی، شیر شاہ روڈ ضلع جنوبی کو کیماڑی سے اور حب سے ملا تا ہے لہٰذا اس کی بڑی اہمیت ہے،کراچی سے بلوچستان جانے والے اس شاہراہ کو استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخدوش برساتی نالے کی وجہ سے شیر شاہ روڈ پر پانی کھڑا رہتا تھا،ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کو پائیدار بنانے کے لیے صرف استر کاری یا لیپا پوتی نہیں کررہے،ہم سڑک خراب ہونے کی بنیادی وجہ کو بھی دور کررہے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہماری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کے مطابق سائٹ کے صنعتی علاقے میں 31 سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جن میں سے 22سڑکوں کا افتتاح آئندہ دس یوم کے اندر شروع ہوجائے گا،ان سڑکوں کی تعمیر سے علاقے کے عوام، مزدوروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو بہت سہولت حاصل ہوگی۔