عسکری قیادت نے سندھ میں موجود مضبوط مافیاز بالخصوص اسٹریٹ کرائم کے خلاف سندھ رینجرز کو بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے رینجرز کو مافیاز کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے خصوصی احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی جبکہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھی رینجرز کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف بھی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جبکہ زمینوں پر قبضوں میں ملوث سسٹم کے خلاف فہرستیں بھی تیار ہیں اور غیر قانونی طور پر ہائیڈرنٹس چلانے والوں پر بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔
صوبے اور بالخصوص کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر اسمگلنگ کو روکا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت نے شہریوں کی بڑی تعداد میں موصول ہونے والی شکایات کے بعد بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کی ہیں جس کی روشنی میں سندھ رینجرز کی جانب سے مربوط حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایرانی ڈیزل کے اسمگلرز، لینڈ مافیا کے خلاف بھی کارروائیاں جلد شروع کی جائیں گی۔