شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں فیضان مصطفیٰ مسجد کے قریب فائرنگ سے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی امیدوار عوامی مسائل حل کرنے کے دوران جاں بحق ہوگئے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سرجانی ٹائون یوسی 7 کے چیئرمین امید علی قاضی پر کنڈا مافیا کے کارندوں نے فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں یونین کونسل 5 کے بلدیاتی کونسلر حبیب کے سینے پر گولی لگی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے میں 45 سالہ رمضان سمیت پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق کنڈا مافیا سے جان چھڑانے کیلئے مکینوں کی میٹنگ میں امید قاضی بھی شریک تھے اور وہ قانونی میٹر لگوانے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دے رہے تھے۔
علاقہ مکین کنڈوں سے جان چھڑاکر پی ایم ٹی اور لیگل کنکشن لگوانا چاہتے ہیں، جس کے لیے انہوں نے منتخب امیدوار سے رابطہ کیا۔ جماعت اسلامی کے مقامی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 لڑکوں نے فائرنگ کی۔
عینی شاہدین کا بیان
عینی شاہدین نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر آنے والے مسلح افراد نے میٹر لگوانے کے معاملے پر اشتعال دکھایا اور کہا کہ وہ علاقے سے کافی عرصے سے رقم جمع کررہے ہیں اور وہ آئندہ بھی کریں گے، اس پر منتخب امیدوار نے انکار کیا اور معاملے کو قانونی کروانے پر ڈٹے تو تلخی ہوئی اور پھر مسلح افراد فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن نے بتایا کہ واقعے میں ایک 60 سالہ شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت حبیب کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے زخمی کی شناخت 42 سالہ عدنان اظہار کے نام سے ہوئی ہے۔