کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے دعوی کیا ہے کہ ہمارے منتخب بلدیاتی کونسلر کے قتل میں پیپلزپارٹی کے کارندے ملوث ہیں۔
سرجانی ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے کونسلر محمد حبیب کے قتل کے معاملے پر حافظ نعیم عباسی شہید پہنچے اور لواحقین و جماعت کے عہدیداران سے تعزیت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد حبیب مقامی لوگوں کی کنڈے کی شکایت پر گئے تھے، میٹنگ کرکے جیسے ہی نکلے ان پر گولیاں چلائیں گئی۔
جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جاں بحق
حافظ نعیم نے کہا کہ بجلی کی کنڈا مافیا پیپلز پارٹی کی سرپرستی پر کام کررہی ہے، مجرموں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر داخلہ،نگراں وزیر اعلی اور آئی جی مطالبہ ہے کہ فوری نوٹس لیں اور مجرموں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ ہم ایف آئی آر کٹوائیں گے، اگر ہماری ایف آئی آر نہ کاٹی گئی یا اسپتال کی رپورٹ میں کسی قسم کی ہیر پھیر کی گئی تو جماعت اسلامی احتجاج کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کا امتحان ہے کہ وہ قبضہ مافیا سے جان چھڑائیں۔