سائنس دانوں نے نظام شمسی سے باہر ایک نظام فلکی دریافت کیاہے جس میں دو انتہائی گرم سیارے ایک ستارے کے گرد گردش کررہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایک ستارے کے گرد گردش کرتے ان سیاروں کا درجہ حرارت ہمارے سورج کے درجہ حرارت سے بھی 2000 ڈگری سیلسیئس زیادہ ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ نودریافت شدہ شمسی نظام ہم سے 1400 نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے جس کی دریافت چلی میں نصب یورپین سدرن آبزرویٹری کی طاقتور دوربین کے ذریعے کی گئی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ نودریافت شدہ نظام شمسی کے دونوں سیارو ں کی خصوصیات سیارہ مشتری کی خصوصیات سے ملتی جلتی ہیں مگر اپنے سورج سے فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے ان کی سطح کا درجہ حرارت انتہائی بلند ہے۔
اس نوع کےسیاروں کو فلکیاتی اصطلاح میں ’ گرم مشتری ‘ کہا جاتا ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ نودریافت شدہ سیاروں کی مدد سے ’ گرم مشتری ‘ سیاروں کی خصوصیات کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکیں گی۔