چین نے سرکاری افسروں کو آئی فون کے استعمال سے روک دیا، عالمی میڈیا

 دنیا کی دو  حریف سپرپاورز  امریکا  اور چین کےدرمیان معاشی میدان میں مخاصمت جاری ہے  اور اب معاملہ ٹیکنالوجی  کے شعبے تک وسیع ہوگیا ہے۔

دونوں ممالک  ایک دوسرے کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو سیکیورٹی رسک قرار دیتے  ہیں اور بالخصوص چین امریکی ٹیکنالوجی  کمپنیوں پر انحصار کم سے کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

مئی میں امریکی ریاست مونٹانا نے  ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی جو چینی کمپنی کی ملکیت ہے۔ دیگر ریاستیں بھی اسی طرح  کے اقدامات  کررہی ہیں۔

قبل ازیں امریکی حکومت متعدد کمپنیوں کو کئی چینی کمپنیوں کے ساتھ کاروبار کرنے سے  روک چکی ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق اسی تناظر میں چینی حکومت نے تمام سرکاری افسران  کے امریکی کمپنی ایپل کے تیارکردہ آئی فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

علاوہ ازیں سرکاری کنٹرول میں چلنے والے تمام اداروں میں بھی آئی فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق چین کے اس اقدام نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی  ہے جن کے یونٹس چین میں بھی کام کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: