سارا لیاقت آباد ہمارے ساتھ نہیں، ساس اور نندوں کو شمولیت کی دعوت دیں، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آج ایم کیو ایم کے کارکنان کی تعداد دیگر پارٹیوں کے مقابلے میں زیادہ تو ہے مگر اس میں اضافہ نہیں ہورہا۔

مصطفیٰ کمال نے لیاقت آباد میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج لوگوں کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت نہیں دیتے اور یہ کام وہ کرسکتا ہے جو کا دامن صاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ جیسے سالگرہ اور شادی کی تقاریب میں فون کر کر کے ڈیڑھ سو سے چار سو لوگوں کو آمد پر راضی کیا جاتا ہے ویسے بھی ہم لوگوں کو ایم کیو ایم کی طرف راغب کرنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج دعوت کا کام نہیں ہورہا، ایم کیو ایم کی باجیاں اپنی بہنوں، نندوں، ساسوں کو روزانہ فون پر ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دیں اور انہیں بچوں کا واسطہ دے کر بتائیں کہ پیپلزپارٹی نے شہر میں کیا کچھ کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر نے مزید کہا کہ دیڑھ دو ماہ میں لیاقت آباد میں ایسا انقلاب برپا کرنا ہے کہ پورا پاکستان بولے یہ کیا ہورہا ہے؟ گلی گلی کونے کونے میں جانا ہے، ہمیں الیکشن کی نشست کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کیلیے دعوت کا کام کرنا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لیاقت آباد میں ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی اور ہے بھی نہیں، لیکن سارا لیاقت آباد بھی ہمارے ساتھ نہیں ہے، چار گھنٹے کیلیے سڑک پر نہیں آئے گا، یہ اس لیے ہے کہ ہم اُس کے پاس جاکر دعوت نہیں دے رہے۔