اکشے کمار کی فلم ’’ ویلکم تھری‘‘ کی شوٹنگ کیوں روک دی گئی؟

بولی وڈ سپراسٹار اکشے کمار اور دیشا پٹانی کی فلم ’’ ویلکم تھری‘‘کی شوٹنگ بقایا جات کی عدم ادائیگی کی بنا پر تعطل کا شکار ہوگئی۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر انیس بزمی کی ’ ویلکم ‘ سیریز کی تیسری فلم ’’  ویلکم ٹو دی  جنگل ‘‘  کی شوٹنگ  التوا کا شکار ہوگئی ہے۔

 ویلکم سیریز  کے فلم ساز  فیروز ناڈیاڈوالا نے ورکرز کو بقایا جات ادا نہیں کیے جس کے بعد فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز نے فلم کی شوٹنگ رکوادی ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ انیس بزمی  نے ’ ویلکم ٹو ‘ کے عملے کو معاوضے کے جو چیک دیے تھے وہ باؤنس ہوگئے تھے اور آٹھ سال کے بعد  بھی ان کارکنان کو ان کا معاوضہ نہیں دیا گیا۔

فلمی کارکنان کی انجمن  نے ویلکم تھری کے اداکاروں اور تیکنیکی عملے کو بھی لکھا ہے کہ وہ ویلکم ٹو میں کام کرنےو الے کارکنان کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے پروڈیوسر پر دباؤ ڈالیں۔

فیڈریشن  کے صدر بی این تیواری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  ہم نے  اکشے کمار اور دیشا پٹانی سمیت فلم کے تمام اداکاروں کو اس اہم مسئلے سے آگاہ کردیا ہے اور واضح کردیا ہے کہ فیڈریشن ا ور اس کے اراکین  فیروز ناڈیاڈوالا سے تعاون نہیں کریں گے جب تک کہ وہ تیکنیکی عملے کو  دو کروڑ روپے کے  بقایا جات ادا نہ کریں۔

واضح رہے کہ  فلم کی کاسٹ میں اکشے کمار کے علاوہ، سنجے دت، ارشد وارثی، دیشا پٹانی، روینہ ٹنڈن، لارا دتا اور پاریش راول بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: