جامعہ کراچی میں اہل بیت اطہار کے نام کی مبینہ بے حرمتی کے معاملے پر صورت حال کشیدہ ہوگئی۔
جامعہ کراچی کی طلبا الائنس کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) کے پوائنٹ پر حضرت امام حسینؓ کے نام والے بینرز اور احادیث مبارکہ کے پوسٹر لگائے گئے تھے۔ایک روز قبل اُن پوسٹرز کو اتار کر پھینک دیا گیا۔
طلبا الائنس کا کہنا ہے کہ یہ سارا معاملہ سیکیورٹی ایڈوائزر اور اسٹوڈنٹ ایڈوائزر کی زیر سرپرستی ہوا اور اُن کی ہی ہدایت پر احادیث نبوی ﷺ، اقوال معصومین کو کچرے کے ڈھیر میں ڈالا گیا۔
اس کے علاوہ قائد اعظم کے اقوال اور علامہ اقبال کے تحریری اشعار کو بھی پھاڑ کر کچرے کے ڈھیر میں ڈال دیا گیا جس کے طلبا کے جذبات شدید مجروح ہوئے۔
طلبا الائنس کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل سے تعلیمی ادارے کے پُرامن ماحول کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ طلبا تنظیموں کے اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ جامعہ کا پُرامن ماحول برقرار رہے۔