بولی وڈ سپراسٹار ریتھک روشن، دیپکا پاڈوکون کے ہمراہ اٹلی پرواز کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں جہاں یہ جوڑی فلم ’’ فائٹر ‘‘ کی شوٹنگ میں حصہ لے گی۔
بھارتی میڈیاکے مطابق ’’ فائٹر‘‘ کی شوٹنگ اٹلی کے علاوہ اسپین میں بھی ہوگی۔ فلم کا ایک میگا سونگ اسپین کے دل کش مقامات پر فلمایا جائے گا۔
اس گانے کی شوٹنگ کے لیے ریتھک اور دیپکا 15 ستمبر کو اسپین پہنچیں گے۔ اس کے بعد دونوں سپراسٹارز بقیہ فلم مکمل کرانے کے لیے دوبارہ ممبئی آجائیں گے۔
گانے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد ڈائریکٹر سدھارتھ آنند اسپیشل ایفیکٹس اور پوسٹ پروڈکشن کا کام شروع کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس میگا سونگ کی شوٹنگ کے لیے پچھلے ایک ہفتے سے فلم کی پوری کاسٹ ممبئی میں واقع یش راج اسٹوڈیو میں ریہرسل کررہی ہے۔
اس میگا سونگ میں فلم کی پوری کاسٹ نظر آئے گی جو ایک پارٹی سونگ ہوگا۔
’’ فائٹر‘‘ میں ریتھک روشن ایئرفورس کے افسر کا رول کرتے دکھائی دیں گے، جبکہ دیپکا پاڈوکون بھی دشمنوں سے ماردھاڑ کرتی نظر آئیں گی۔
اس فلم میں سدابہار اداکار انیل کپور بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں جو آئندہ سال 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔