سندھ ہائیکورٹ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مبینہ تعلقات اور ہنڈی کے ذریعے رقم کی بیرون ملک منتقلی کے مقدمے میں 3 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مبینہ تعلقات اور ہنڈی کے ذریعے رقم کی بیرون ملک منتقلی کے مقدمے میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے عبد الرشید، رفیق جمعہ اور محمد عاقب کی جانب سے ضمانت منظور کرتے ہوئے 2، 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سرکاری وکیل نے موقف دیا تھا کہ ملزمان کو 3 اپریل 2023 کو خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ ملزمان مبینہ را ایجنٹ اور کراچی سے دبئی میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
ملزمان آن لائن جوئے اور غریب عوام سے منافع کے لالچ میں رقم لوٹ رہے تھے۔ ملزمان ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کرتے تھے۔
وکیل صفائی نے موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان کیخلاف پراسکیوشن کے پاس کوئی شواہد نہیں ہیں۔ پراسکیوشن نے ملزمان کے موبائل فون تک فرانزک معائنے کے لیے نہیں بھیجے۔ملزمان کے پولیس حراست میں دیئے گئے بیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔