اورنگی ٹاؤن، ڈکیتوں نے گھر میں‌ گھس کر خاتون کو ذبح کردیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے آٹھ میں ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران خاتون کا گلا کاٹ کر اسے قتل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کشور کو تیز دھار آلے سے گردن پر وار کر کے قتل کیا گیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی بیٹی ڈاکٹر ہے، بظاہر قتل ڈکیتی مزاحمت پر ہی کیا گیا ہے کیونکہ مقتولہ نے 35 لاکھ روپے کی ایمبرائیڈری کی مشین فروخت کی تھی اور گھر سے رقم سمیت قیمتی سامان غائب ہے ۔

ذرائع کے مطابق مقتولہ کو مخبری کی بنا پر ہونے والی واردات کے دوران قتل کیا گیا۔

علاقہ مکینوں اور شہریوں نے خاتون کے قتل پر انتہائی افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اب ڈکیت گھروں میں گھس کر خواتین کو بھی قتل کرنے لگے ہیں، اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو پھر معاملات بہت زیادہ خراب ہوجائیں گے‘۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف نے واقعے کا نوٹس لے کر ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو چوبیس گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔