’’ پٹھان‘‘ کے بعد ’’ جوان ‘‘ کی فقیدالمثال کامیابی کے بعد دیپکا پاڈوکون ہر طرف چھائی ہوئی ہیں، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ دیپکا نے اس فلم میں کام کرنے کا کتنا معاوضہ لیا تھا؟
دی ویک نامی امریکی جریدے کو حالیہ انٹرویو میں ہندی فلم نگری کی صف اول کی اداکارہ نے اپنے شوہر اور معروف اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ دونوں ایک ساتھ کسی فلم یا اشتہار میں کام کرتے ہیں تو عمومی سے زیادہ معاوضہ لیتے ہیں۔
اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے دیپکا نے کہا کہ پورے بولی وڈ میں ان کے جیسی جوڑی نہیں ہے۔ دیپکا کا کہنا تھا کہ وہ بولی وڈ کی سب سے متوازن جوڑی ہیں کیونکہ ان دونوں ( دیپکا اور رنویر ) کی شہرت اور مقبولیت یکساں ہے، جبکہ دوسری فن کار جوڑیوں میں یا تو شوہر زیادہ مقبول ہوتا ہے یا پھر بیوی۔
سپراسٹار نے کہا کہ اپنی اسی انفرادیت کی وجہ سے وہ کسی فلم یا اشتہار میں ایک ساتھ کام کرنے کا زیادہ معاوضہ لیتے ہیں۔
امریکی جریدے کے مطابق دیپکا پاڈوکون اس وقت بولی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں جو ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 12 سے 15 کروڑ روپے لے رہی ہیں۔ ان کے علاوہ کسی بولی وڈ اداکارہ کو اتنا معاوضہ نہیں دیا گیا۔