کراچی بچاؤ تحریک متاثرین گجرنالہ کور کمیٹی کے کنوینر اور لیگل ایڈوائزر نے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سے ملاقات میں متاثرین کے مسائل سے آگاہ کیا۔
کراچی بچاؤ تحریک متاثرین گجرنالہ کور کمیٹی کے کنوینر عارف شاہ اور لیگل ایڈوائزر خواجہ الطاف ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی مرزا معیز بیگ سے ملاقات کی اور انہیں متاثرین گجرنالہ کو سپریم کورٹ کے حکم پر جاری کیے جانے والے چیکوں کے حصول میں پیش آنےو الی مشکلات سے آگاہ کیا۔
کنوینر اور لیگل ایڈوائزر گجرنالہ کور کمیٹی نے انہیں بتایا کہ ایڈیشنل کمشنر اعجاز رند متاثرین کے مسائل سننے اور درخواست وصول کرنے سے انکاری ہیں جس پر سی ایم ہاؤس کی جانب سے اعجاز رند کو سائلین کے مسائل سننے اور حل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
علاوہ ازیں عارف شاہ اور خواجہ الطاف ایڈووکیٹ نے سی ایم ہاؤس کو متاثرین کی منظور شدہ آئی ڈیز کی فہرستیں بھی فراہم کیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے متاثرین گجرنالہ کور کمیٹی کے نمائندوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ گجرنالہ متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ ذاتی طور پر کوشش کر رہے ہیں۔