رحیم یار خان کے قریب سکھر سے صادق آباد جانے والی گاڑی کو ایم فائیو موٹروے پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں نوبیاہتا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم 5 پر گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا، گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود ہونے اور تیز رفتاری کے باعث گاڑی ٹریلر سے ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں سوار دس افراد میں سے 8 موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو زخمی ہیں جن میں سے دلہا کی حالت تشویشناک ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق کار مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرائی۔
بدقسمت خاندان شادی کی رسم ادا کرنے سکھر سے صادق آباد کے علاقے ماہی کے لیے جارہا تھا تو میر پور ماتھلو کے قریب گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق حادثہ چھوٹی گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد بٹھانے کی وجہ سے پیش آیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسینہ بی بی، سویرا حیدر، فرزانہ نظام مصطفیٰ، عزیز سلطان شاہزیب، ایک سالہ جانوال کے ناموں سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں دلہا حیدر مستوئی اور سات سالہ سمیرا شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا۔ حادثے کا شکار دلہا دلہن کی دو روز قبل شادی ہوئی تھی اور وہ رسم کی ادائیگی کیلئے اہل خانہ کے ساتھ لڑکی کے گھر جارہے تھے۔