ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ کراچی کے عوام کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
شاہ فیصل ٹاؤن کے زیر اہتمام جنرل ورکز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ کراچی کے عوام کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، پچھلے 15سالوں سے اس صوبے میں قابض پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت نے اس شہر اور صوبے کا جو حشر کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ پی ٹی آئی اور عمران خان نے اس شہر اور ملک پر 4 سال حکرانی کی مگر اس شہر کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، اگر پی ٹی آئی یا کوئی اور جماعت اس کراچی سے مخلص ہوتی تو کراچی کے عوام کے مسائل حل کرتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو کراچی اور اس کے عوام کی کوئی فکر نہیں سب یہاں قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اس شہر اور صوبے کے مسائل کو کوئی حل کرنے کو تیار نہیں جبکہ آج بھی لوگ ماضی کی طرح ایم کیو ایم پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسی کے ساتھ اس بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی سمیت سب نے اس شہر کے ساتھ دھوکہ کیا اس کے باوجود انہیں اس شہر کے عوام نے مسترد کردیا ہے، ہمارے بائکاٹ کے با وجود یہ اس شہر سے ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔
ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں مگر ہم نے باقی پارٹیوں سے کم غلطیاں کی ہیں اور ہم اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ آپ کے پاس ہمارے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے اور یہ بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میرے پاس جو لوگ یں میں ان میں سے پڑھے لکھے ایماندار لوگوں کو ایوانوں میں بھیجنا چاہتا ہوں۔
۔سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اکیلے کوئی بھی الیکشن نہیں جیت سکتا ہمیں آپ کی ضرورت ہے ، ہمیں اب آفس میں بیٹھ کر وقت ضائع نہیں کرنا، ہمیں اور آپ کو عوام کے درمیان جا کر اپنے ووٹرز کو اعتماد میں لینا ہے ا ور ان کے ساتھ مل کر آنے والے الیکشن کی تیاری کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی ایم کیو ایم اپنے ایک ایک کارکن کے خلاف اٹھنے والے ہر ایک ظالم کا ہاتھ روکنے کی ہمت رکھتی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی ، اراکین رابطہ کمیٹی ، سینیٹر خالدہ اطیب ، ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔