جاپان کی آبادی میں 80 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد پہلی بار مجموعی آبادی کے 10 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔
جاپانی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی میں 65 سال اور اس سے زائد عمر کے حامل افراد کا تناسب 29.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو پچھلے سال 29 فیصد تھا۔
وزارت خارجہ امور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں آبادی کے لحاظ سے معمر ترین شہریوں کا سب سے زیادہ تناسب جاپان میں ہے۔
جاپان کے بعد اٹلی 24.5 فیصد کے ساتھ دوسرے اور فن لینڈ 23.6 فیصد تناسب کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
کئی عشروں سے جاپان کی آبادی مسلسل زوال پذیر ہے اور یہاں کے باشندوں کی عمریں بھی طویل ہیں۔ آبادی کے سکڑنے کی وجہ نوجوانوں کا مالی مشکلات کے سبب شادی اور بچے پیدا کرنے میں تاخیر کرنا ہے۔
اس رجحان کی وجہ سے جاپان میں بوڑھوں کا تناسب اور ان کی دیکھ بھال پر آنےو الی لاگت بہت بڑھ گئی ہے۔
وزارت خارجہ امور کے مطابق جاپان کی 12 کروڑ 44 لاکھ کی آبادی میں معمر افراد کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے، اور تقریباً ایک کروڑ 26 لاکھ کی عمر 80 سال اور دو کروڑ افراد کی عمر 75 سال سے زائد ہوچکی ہے۔
یہ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ معمر افراد کی تعداد میں اضافے کی شرح برقرار رہی تو 2040 تک ان کی تعداد مجموعی آبادی کے 34.8 فیصد تک پہنچ جائے گی۔