واٹر بورڈ کے سی او او نے غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور کنکشنز کی تفصیلات طلب کرلیں

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجینئر اسداللہ خان نے تمام ایگزیکٹو انجینئرز کو غیر قانونی ہائیڈرنٹس، کنکشنز اور سب سوائل کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے واٹر اور ڈبلیو ٹی ایم کے تمام ایگزیکٹو انجینئرز کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہیں ہدایات کی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس، کنکشنز اور سب سوائل کی رپورٹ تین روز میں متعلقہ چیف انجینئر کو پیش کریں۔

انجنیئر اسداللہ خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں پاکستان رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سندھ پولیس سمیت واٹر کارپوریشن کی مدد سے جنجال گوٹھ، منگھوپیر، تین ہٹی اور محمود آباد سمیت دیگر علاقوں میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور غیر قانونی کنکشن کے خلاف جو کامیاب آپریشن کیا گیا تھا اس سے پانی کی کون سے علاقوں میں بہتری آئی ہے اس کی بھی مکمل تفصیلات پیش کی جائیں۔

اجلاس میں چیف انجینئر واٹر محمد حنیف بلوچ سمیت واٹر اور ڈبلیو ٹی ایم کے تمام ایگزیکٹو انجینئرز موجود تھے۔ سی او او واٹر کارپوریشن نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کا تفصیلی معائنہ کرکے تمام غیر قانونی سرگرمیوں کی ایک مکمل رپورٹ اپنے متعلقہ چیف انجینئر کے پاس تین روز میں پیش کریں۔

انہوں نے افسران کو واضح احکامات دیتے ہوئے مزید کہا کہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد کسی بھی ایگزیکٹو انجینئر کے علاقے میں اگر کوئی بھی غیر قانونی ہائیڈرنٹس کنکشنز، سب سوائل یا کوئی اور غیر قانونی سرگرمی نظر آئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر خود ہوگا۔