سائنس دانوں‌ نے اندھیرے میں روشن ہوجانے والے منفرد پودے تیار کرلیے

سائنس دانوں نے ایسے انوکھے پودے تیار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جو اندھیرے میں چمک اٹھتے ہیں۔

یہ پودے بالکل اسی طرح اندھیرے میں روشن ہوجاتے ہیں جیسے آپ نے ہدایت کار جیمز کیمرون کی مشہورزمانہ فلم ’’ اوتار ‘‘ میں دیکھے ہوں گے۔

تاریکی میں روشن ہوجانے والے یہ پودے ماہرین نباتیات کی ایک ٹیم طویل تجربات کے بعد تیار کرپائی ہے۔

امپیریل کالج لندن کے ماہر نباتیات اور تحقیقی ٹیم میں شامل پروفیسر کیرن سرکسیان اس کامیابی کے بارے میں کہتے ہیں کہ ماضی میں ایسے پودے تیار کیے جاچکے تھے جو کیمیکل چھڑکنے کے بعد تاریکی میں کئی گھنٹے تک روشن رہتے تھے۔

تاہم، پروفیسر کیرن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھمبی ( مشروم ) میں پائے جانےو الے ایک جینیاتی مادے سے ڈی این اے حاصل کرکے اسے پیٹونیا ( گل اطلس) کے پودے میں داخل کیا جس کے بعد ان پودوں میں تاریکی میں روشن ہوجانے کی خاصیت پیدا ہوگئی۔

پروفیسر کیرن بایوٹیک کمپنی ’ لائٹ بایو‘ کے شریک بانی ہیں اور اس کمپنی نے امریکی محکمہ زراعت سے ان پودوں کی تجارتی پیمانے پر فروخت کی اجازت بھی حاصل کرلی ہے۔

لائٹ بایو ان منفرد پودوں کی فروخت آئندہ برس کے اوائل سے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: