اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے ساتھ اپنی تصویر شیئرکی ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
ایشیا کپ کے دوران سری لنکا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد شاہین آفریدی اور بابراعظم کے درمیان ڈریسنگ روم میں تلخ کلامی ہونے کی افواہیں منظرعام پر آئی تھیں۔
میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق میچ کے بعد ہونے والی ٹیم میٹنگ میں بابراعظم اور شاہین آفریدی کے درمیان گرما گرمی ہوگئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں کپتان بابراعظم نے کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، جس پر شاہین آفریدی نے کہا کہ انہیں ( بابراعظم کو ) اچھا پرفارم کرنےو الے کھلاڑیوں کو سراہنا بھی چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق شاہین آفریدی کے جواب پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد محمد رضوان نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو سنبھالا۔
تاہم شاہین آفریدی کی جانب سے ’’ فیملی ‘‘ کے عنوان سے ایکس ( ٹوئٹر) پر بابراعظم کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر، جس میں وہ شطرنج کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں، نے ان افواہوں کا خاتمہ کردیا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کےدرمیان کوئی اختلافات ہیں۔