گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) نے کہا ہے کہ نگراں حکومت نے مشکل حالات میں ریلیف دینے کے بجائے عوام کو مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل س یکریٹری اور جی ڈی اے کے اطلاعات سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں آئی ایم ایف کے کہنے پر آئے روز کیا گیا اضافہ ختم کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ قوم مزید مہنگائی کی متحمل نہیں ہوسکتی ، اور پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا براہ راست اثر روز مرہ کی ضروریات زندگی کے قیمتوں پر ہوگا۔
اپنے جاری مذمتی بیان میں سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے مشکل حالات میں ریلیف دینے کے بجائے عوام کو مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ، غربت کے مارے عوام بھوک و افلاس کے باعث معصوم بچوں کے ہمراہ خودکشیاں کررہے ہیں مگر ظالم حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جارہا ہے ، اور ملازمت پیشہ افراد کیلیے ضروریات زندگی پورا کرنا ناممکن ہوگیا ہے، مہنگائی سے پریشان عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت مہنگائی ختم کم کرکے عوام پر رحم کھائے ، آئی ایم ایف کے حکم پر پاکستانی قوم کا معاشی قتل بند کیا جائے۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ نگران حکومت سابقہ اتحادی حکومت کے وزراء مشیروں اور دیگر کرپٹ مافیا کا گھیرا تنگ کر کے عوام کا لوٹا ہوا خزانہ واپس کروا کر ملک کے اندر مہنگائی ختم کرائے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی بینکوں میں کرپٹ حکمرانوں کے کرپشن سے کمائے گئے اربوں ڈالر ملک میں واپس لائے جائیں۔