ایلون مسک نے ایکس ( سابقہ ٹوئٹر ) کے صارفین سے ماہانہ معاوضہ وصول کرنے کا اعلان کردیا۔
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے کھرب پتی مالک نے یہ اعلان اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ لائیواسٹریم کے دوران کیا۔
ایلون مسک نے کہا کہ صارفین سے ایکس کے استعمال کی ماہانہ فیس وصول کرنے کا سبب یہ ہے کہ میرے خیال میں ’ بوٹس ‘ کا سدباب اسی طرح ممکن ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بوٹس پر بہت معمولی خرچ آتا ہے تاہم اگر کسی کو چند ڈالر خرچ کرنے پڑیں تو پھر آپ کو ہر بار نئے بوٹ کے لیے ادائیگی کرنی ہوگی۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس پر ہم ابھی سوچ بچار کررہے ہیں مگر میری رائے میں بوٹس کا راستہ روکنے کے لیے صرف یہی ایک راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) کی وجہ سے اب بوٹس ’ کیپچا ٹیسٹ ‘ انسانوں سے بھی زیادہ بہتر طور پر پاس کرنے لگے ہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے ایکس کے استعمال کی ماہانہ فیس لینے کے اعلان پر صارفین نے شدید منفی ردعمل ظاہر کیا ہے اور معاوضہ لیے جانے کی صورت میں صارفین کی بڑی تعداد کاکہنا ہے کہ وہ ایکس کو خیرباد کہہ دیں گے۔