کراچی، سعودی پلٹ شہری ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق

شہر قائد کے علاقے مبینہ ٹاؤن اسکاؤٹ کالونی میں جامع مسجد و مدرسے کے سامنے ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں سعودی پلٹ نمازی جاں بحق جبکہ چوکیدار زخمی ہوگیا ، موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے اسکاؤٹ کالونی نزد جھنگوی چوک کے قریب جامعہ عربیہ اسلامیہ و جامع مسجد کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ موقع پر موجود افراد بھگدڑ اور خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد نے زمین پر لیٹ کر اپنی جان بچائی۔

 فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار  ہونے میں کامیاب ہوگئے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر کے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا۔

فائرنگ سے زخمیوں کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 55 سالہ شیرخان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ چوکیدار کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر بھی موقع پر پہنچے جہاں انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول شیر خان عشا کی نماز پڑھ کر مسجد کے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے انھیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے شیر خان اور چوکیدار زخمی ہوگئے جبکہ شیر خان بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن محمد علی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول اسکاؤٹ کالونی کا رہائشی تھا جو کہ سعودیہ میں ملازمت کر رہا تھا اور گزشتہ ماہ ہی سعودی عرب سے کراچی آیا تھا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 8 خول قبضے میں لے لیے۔ حکام کے مطابق مقتول کی سر ، سینے اور پاؤں سمیت مختلف جسم کے حصوں پر 4 سے 5 گولیاں لگی تھیں۔ مقتول کی لاش نجی اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جبکہ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے کچھ عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے۔

پولیس نے بعد ازاں اطراف میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی قبضے میں لیں تاکہ تحقیقات میں پیشرفت ہوسکے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میں ضلع شرقی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 15 میں جامعہ ابی بکر کے مہتمم ضیا الرحمان مدنی کو نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: