لانڈھی اور اورنگی ٹاؤن کے چیئرمینز نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کردیا

کراچی: اورنگی ٹاؤن اور لانڈھی کے یوسی چیئرمینز نے آئندہ مالی سال 2023-2024 کیلیے میونسپل کارپوریشن کا بجٹ پیش کردیا۔

اورنگی ٹاؤن بجٹ

چیئرمین اورنگی ٹاؤن حاجی جمیل ضیاء نے ٹاؤن وائس چیئرمین عفان صغیرصدیقی،میونسپل کمشنر اورنگی ٹاؤن آغافہدکے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی کاپہلا بجٹ برائے مالی سال 2023-2024کیلئے 1ارب 4 کروڑ50 لاکھ روپے مالیت کا متوازن بجٹ پیش کردیا ہے۔

بجٹ میں غیر ترقیاتی کاموں کا تناسب60.29فیصد جبکہ ترقیاتی مصارف کا تناسب 39.71فیصد ہے جوپچھلے بجٹ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

 ٹاؤن چیئرمین نے بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے 41کروڑ 50لاکھ روپے مختص کیئے گئے ہیں جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں  63کروڑروپے رکھے گئے ہیں۔

 بجٹ میں آئندہ مالی سال کے ذرائع آمدن میں حکومت سندھ سے آکٹرائے ضلع ٹیکس کی مد میں 72کروڑ روپے،پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 1کروڑ 50لاکھ روپے،انتظامیہ اورنگی ٹاؤن نے اپنے ذرائع آمدن3کروڑ 50روپے،حکومت سے متوقع گرانٹ کی مد میں 2کروڑ 50لاکھ روپے، OZTکے بقایا جات کی مد میں 25کروڑ روپے جبکہ کل آمدن برائے 2022-23کی مد میں 1ارب 04کروڑ50لاکھ روپے آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ٹاؤن چیئرمین نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا بجٹ متوازن ہے تنخواہوں میں 35فیصد اضافہ جسکی وجہ سے غیر ترقیاتی مصارف کا تناسب بڑھ گیا ہے مختلف شعبہ جات کے تحت جو رقوم تجویز کی گئی ہے ان کی تفصیل حسب ذیل ہیں ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 50کروڑ،مصارف سائر کی مد میں 10کروڑ10لاکھ روپے،مصارف مرمت ودرستگی کیلئے 2کروڑ 90لاکھ روپے،محکمہ B&R(انجینئرنگ)جنرل ترقیاتی کاموں کیلئے 6کروڑ روپے،جاری ترقیاتی کاموں کیلئے 6کروڑ روپے، چیئرمین بلڈنگ میں ترقیاتی کاموں کی مد میں 1کروڑ 45لاکھ روپے،محکمہ M&E(انجینئرنگ)2کروڑروپے،محکمہ پارکس 2کروڑ روپے،کپیٹل کی مد میں 1کروڑ 45لاکھ روپے،واجبات کی ادائیگی کیلئے 13کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے۔

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی کی 08 یونین کمیٹیوں میں وائس چیرمین اور مخصوص نشستوں کے تجویز کردہ ترقیاتی کاموں کیلئے 9کروڑ 60 لاکھ روپے، ملازمین کے علاج ومعالجہ کی ادائیگی کیلئے 50لاکھ روپے،دوران ملازمت فوتگی کی صورت میں مالی معاونت کیلئے 50لاکھ روپے جبکہ ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے 60لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

ٹاؤن چیئرمین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ کی تیاری ایک کٹھن اور محنت طلب کام ہے جسے میونسپل کمشنر آغافہد،اکاؤنٹ آفیسر عمران سیال اور انکی ٹیم بہت محنت سے تیار ی کی اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں    آخر میں ٹاؤن چیئرمین نے اجلاس میں شریک،اراکین کونسل،تمام افسران کاشکریہ ادا کیا۔

لانڈھی بجٹ

 چیئر مین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لانڈھی عبد الجمیل خان نے وائس چیئرمین محمد عمران،ٹی ایم سی آصف علی مٹھانی واراکین کونسل کے ہمراہ مالی سال 2023-2024کے لئے2ارب 14کروڑ 30لاکھ7ہزار6سو 18روپے کا  بجٹ 25کروڑ 91لاکھ98ہزار 4سو 91روپے کے سرپلس کے ساتھ پیش کردیا۔

بجٹ اجلاس میں چیئرمین نے کہا کہ ان کی اولین ترجیحات میں ہمارا مقصد عوام کو ہر حال میں ہر طرح سے ریلیف دینا ہے ویسے تو ہم نے بلدیات کے حوالے سے تمام عوامی مسائل کو حل کرنا اپنی ترحیجات میں شامل رکھا ہے لیکن اس میں (1) سیوریج سٹم کی بہتری و بحالی۔(2)پانی کی منصفانہ تقیسم،(3)پارکوں کی تعمیر و مرمت،(4) تعلیمی نظام میں جدیدیت،(5)نوجوان نسل کیلئے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت،اسڑیت لائٹس کی تنصیب و مرمت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ ملازمین جو کہ ہر ادارے کی طاقت ہوتے ہیں ان کے حقوق اور انکے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانا اپنی ذمہ دارای سمجھتے ہیں۔ٹاون کے مرکزی دفتر سمیت تمام یوسیز میں شکایتی مراکز کو بھی فعال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کوشش یہ ہوگی کہ ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہو۔بجٹ کو منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے اور کوشش کی ہے لانڈھی ٹاون کی تمام یوسیز میں یکساں بنیادوں پر کاموں کوانجام دیا جائیگا۔اس کے علاوہ آمدنی کے زرائع بڑھانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔

 اس سلسلے میں لانڈھی کی بزنس کمیوٹی کو بھی اپنے ساتھ شامل کریں گے۔انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ لانڈھی ٹاؤن کے بقایاجات کو جلد سے جلد ادا کیا جائے۔

انہوں نے اس موقع پر بجٹ کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آمدنی کا ہم نے تخمینہ لگایا ہے پیش کر رہا ہوں۔ آئندہ مالی سال کے دوران ٹوٹل آمدنی 2ارب 14کروڑ 30لاکھ7ہزار6سو 18روپے۔(حکومتی زرائع سے بقایاجات کے ساتھ جو آمدنی ہے وہ 1ارب 85کروڑ29لاکھ52ہزار 6سو18روپے،جبکہ اپنے زرائع سے جو آمدنی کا تخمینہ ہے وہ 1ارب61کروڑ35لاکھ5ہزار روپے ہے)،(اخراجات کی مد میں) تنخواہیں 1 ارب57کروڑ40لاکھ43ہزار349روپے، کنٹی جینسی میں   18کروڑ70 لاکھ41 ہزار 750 روپے، تعمیر و مرمت کے کاموں میں 15 کروڑ 50 لاکھ 1 ہزارروپے، ترقیاتی اخراجات 35 کروڑ 74 لاکھ 20 ہزار روپے، مجموعی اخراجات 2 ارب 27 کروڑ 35 لاکھ 6 ہزار 99روپے مختص کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ فاضل بجٹ 25کروڑ 91لاکھ 98 ہزار 4 سو 91روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بجٹ میں اندرونی حالات کے تناظر میں اس کو فاضل(Surplus) بنایا ہے۔ہمارے ارادے مضبوط ہیں اور ہم نے یہ ارادہ کیا ہے کہ لانڈھی ٹاؤن کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔اس سلسلے میں یہاں اپنی عوام سے بھی اپیل کروں گا کہ یہ شہر ہمارا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی ہمارا فرض ہے۔کیونکہ یہ شہر ہمارا ہے اور ہم سب کو مل کر اس کی ترقی کرنی ہے۔محکمہ مالیات،محکمہ آٹی کے تمام عملے کو شاباشی دیتا ہوں،جنہوں نے محنت و جانفشانی کے ساتھ بجٹ کی ترتیب و تدوین کی۔آئیے ہم سب مل کر آج یہ عہد کرتے ہیں کہ لانڈھی ٹاؤن کو صاف ستھرا،سر سبز و شاداب،روشن،چمکتا و دمکتا ٹاؤن بنائیں گے۔