شہر قائد میں مہنگائی، پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں میں فیسوں میں اضافے سے تنگ طلبا نے احتجاجی واک اور علامتی مظاہرہ کیا۔
یہ مظاہرہ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کی جانب سے شروع کی گئی حقوق تحریک کے تحت ہوا ۔ جس میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
مظاہرین نے ڈی جے کالج سے شاہین کمیپلکس تک پیدل بائیک واک کی۔ مظاہرے کی قیادت ناظم کراچی محمد بلال جمیل نے کی۔ مظاہرے میں شریک طلبہ نے پیدل بائیک واک کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ناظم کراچی کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے تعلیم کو طلبہ کی پہنچ سے دور کردیا ہے۔جہاں ایک طرف نجی اداروں نے تعلیم کو منافع کا ذریعہ بنا رکھا ہے اور فیسوں میں من مانے اضافے کیے ہیں، وہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے سرکاری تعلیمی اداروں سے بھی تعلیم کے حصول کو ناممکن بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ تو پہلے ہی ناکافی ہے۔ بائیک جیسی سستی سواری کا استعمال بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ مطالبہ کرتی ہے پبلک ٹرانسپورٹ طلبہ کے لیے مفت کی جائے۔ طلبہ کہ اسٹوڈنٹ کارڈ کی بنیاد پر سہولیات دی جائیں۔ تعلیمی اداروں کے ٹرانسپورٹ کے نظام کو فوری بہتر کرتے ہوئے نئی بسیں چلائی جائیں۔
ناظم کراچی نے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ کے تمام حقوق کی حفاظت کرے گی، طلبہ ہر آنے والی مشکلات کا ڈٹ کر سامنا کرے گی اور اپنی اس حقوق طلبہ تحریک کو شہر بھر کے طلبہ کی آواز بنائے گی۔ ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی اور معتمد اسلامی جمعیت طلبہ کراچی آبش صدیقی بھی مخاطب ہوئے۔