بولی وڈ سپراسٹار شاہ رخ خان نے ایکس ( ٹویٹر ) پر سیشن کے دوران اپنے پرستاروں کے سوالوں کے دل چسپ جواب دیے۔
شاہ رخ خان کے ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا منت ( کنگ خان کی رہائش گاہ ) میں چھپکلیاں آتی ہیں؟
اس پر کنگ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ چھپکلیاں تو نہیں دیکھیں تتلیاں بہت آتی ہیں۔۔۔ بہت خوب صورت اور دلکش جو پھولوں پر منڈلاتی ہوئی بچوں کو بہت اچھی لگتی ہیں۔
ایک اور مداح نے سوال کیا کہ کیا آپ ’ جوان ‘ کی آمدن میں سے کچھ عطیہ کرنا چاہیں گے۔ اس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ ہاں سب گھر والے یہی کہہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قسمت کی دیوی کنگ خان پر کچھ عرصے سے بہت مہربان ہے۔ ’ پٹھان‘ کے بعد ان کی حالیہ میگا ہٹ فلم ’ جوان ‘ بھی ریکارڈ توڑ بزنس کررہی ہے اور محض 15 دنوں میں اس بلاک بسٹر نے دنیا بھر میں 937 کروڑ ( بھارتی ) روپے کمالیے ہیں۔