معروف ٹاک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کے قتل کیس میں واقعے کا واحد چشم دید گواہ اپنے بیان سے منحرف ہوگیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کے قتل کیس میں اہم موڑ اس وقت آیا جب واقعے کا واحد چشم دید گواہ اپنے بیان سے منحرف ہوگیا اور ملزم کی شناخت سے انکار کردیا۔
کراچی سینٹرل جیل میں واقع جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے روبرو ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے عینی شاہد کو کمرہ عدالت میں ملزم کی شناخت کا حکم دیا۔ عینی شاہد نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے ملزم کو شناخت سے انکار کردیا۔
عینی شاہد نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ کمرہ عدالت میں موجود ملزم صحت مند ہے جبکہ وقوعے کے وقت کمزور لڑکے کو فائرنگ کرتے دیکھا تھا۔
واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا نمبر نوٹ نہیں کیا تھا۔ کافی وقت گزر جانے کے باعث موٹر سائیکل کو بھی شناخت نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر مسکان سمیت چار افراد کے قتل کا مقدمہ 2019 میں نبی بخش تھانے میں درج ہوا تھا۔