بحریہ ٹاؤن پشاور کیخلاف ایف آئی آر درج؟

پاکستان کے معروف پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کے خلاف پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پشاور کے تھانہ متھرا میں درج ایف آئی آر کے مطابق غیرقانونی طور بحریہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے علاقے میں سرگرمیاں شروع کی ہیں۔

پشاور کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن متھرا نے ملک ریاض کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور موقف اختیار کیا کہ جس زمین پر بحریہ ٹاؤن پشاور بنایا جارہا ہے وہ متنازع ملکیتی زمین ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے بغیر این او سی کے متھرا تحصیل میں رہائشی پراجیکٹ کی لانچنگ کی۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بحریہ نے لوگل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔

 

مقدمہ ڈپٹی کمشنر کے ہدایات پر درج کیا گیا ہے جس میں ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریٹر متھرا مدعی بنے ہیں۔

دوسری جانب بحریہ ٹاؤن کے ترجمان نے ایف آئی آر درج ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ بحریہ ٹاؤن پشاور کے حوالے سے مقدمہ درج ہوا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میڈیا اور سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی خبر جھوٹی ہے جس پر قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق بحریہ ٹاؤن پشاور کے حوالے سے پہلے ہی عدالت میں درخواست دائر کر کے اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر پشاور میں بحریہ ٹاؤن کے فارم فروخت کر کے پراپرٹی ڈیلرز اور ایجنٹوں نے عام شہریوں سے اربوں روپے بٹور لیے تھے۔

بعد ازاں نگراں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے شہریوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ بحریہ ٹاؤن میں فلیٹ نہ لیں کیونکہ اس پروجیکٹ کا این او سی جاری نہیں کیا گیا۔