بولی وڈ اداکار شاہد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے وشال بھردواج کی فلم ’’حیدر ‘‘ میں کام کرنے کا کوئی معاوضہ نہیں لیا تھا۔
شاہد کپور جنہوں نے حال ہی میں ’’ فرضی ‘‘ سے او ٹی ٹی سیریز کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے، نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ انہوں نے ہدایت کار وشال بھردواج کی فلم ’’ حیدر‘‘ میں کام کرنے کے لیے کوئی پیسہ وصول نہیں کیا تھا۔
اس کا سبب بیان کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ ان دنوں ایک فلم میں رول کرنے کا جو معاوضہ وہ لے رہے تھے، وہ معاوضہ حیدر کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ تھا، چنانچہ انہوں نے اس فلم میں بلامعاوضہ کام کرنے کی ہامی بھرلی تھی۔
اس بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے شاہد نے کہا کہ پروڈیوسر میرا معاوضہ ادا نہیں کرسکتے تھے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ اگر انہوں نے میرا معمول کا معاوضہ ادا کیا تو پھر فلم نہیں بن پائے گی کیونکہ یہ فلم ایک نئے موضوع پر بنائی جارہی تھی اور پروڈیوسر کو یقین نہیں تھا کہ یہ توقع کے مطابق نتائج دے سکے گی یا نہیں، تو پھر میں نے ان سے کہا کہ کوئی بات نہیں میں یہ فلم بلامعاوضہ کروں گا۔
وشال بھردواج کی فلم حیدر 2014میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم شیکسپیئر کے ڈرامے ’’ ہیملٹ ‘‘ پر بنائی گئی تھی۔ اداکاری کے لحاظ سے حیدر کا شمار شاہد کپور کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔
اس فلم میں شاہد کپور کے علاوہ تبو، کے کے مینن، عرفان خان اور شردھا کپور نے اہم رول کیے تھے۔