دل کو صحتمند رکھنے مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے، ماہرین صحت

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پانی کم پینے سے انسان کو مختلف امراض لاحق ہوسکتے ہیں، بالخصوص دل کے امراض سے محفوظ رہنے کے لیے دن میں مناسب مقدار میں پانی پینا بے حد ضروری ہے۔

ماہرین صحت کہتے ہیں کہ صبح سے لے کر رات گئے تک اپنی مصروفیات کے دوران پیاس لگنے پر جب بھی آپ پانی پیتے ہیں تو دراصل آپ نہ صرف جسم کی پانی کی کمی پوری کررہے ہوتے ہیں بلکہ اپنے دل کی صحت بھی برقرار رکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے ایک تو جسم میں پانی کی قلت پیدا نہیں ہوپاتی دوسرے اس سے کئی طبی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں جن میں سے ایک بلڈ پریشر کا متوازن رہنا ہے۔

بلڈ پریشر معتدل رہنے سے دل پر دباؤ نہیں پڑتا۔ پانی کی مناسب مقدار خون کی نالیوں کے پھیلنے اور سکڑنے میں معاون ہوتی ہے جس کی وجہ سے دل کے لیے پورے جسم میں خون کو پمپ کرنا سہل تر ہوجاتا ہے۔

جسم میں پانی کی کمی یعنی ڈی ہائیڈریشن سے تناؤ یا اسٹریس کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں دل پر خون کی گردش برقرار رکھنے کے لیے دباؤ بڑھ جاتا ہے اور اسے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔ اس کی وجہ سے دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور نظام دوران خون پر دباؤ پڑتا ہے۔

مطلوبہ مقدار میں پانی پینے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے سے بلڈ کلاٹ بننے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے، کیونکہ ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے خون گاڑھا ہوجاتا ہے اور بلڈ کلاٹ بننے کی وجہ سے دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

جسم میں پانی کی مناسب سطح جسم سے فاضل مادوں کے اخراج میں بھی معاون ہوتی ہے اور خون سے فاسد مواد کو الگ کرنے میں گردوں کی مدد کرتی ہے۔

اگر یہ فاسد مادے خون میں باقی رہ جائیں تو ان سے دل پر اضافی دباؤ پڑتا ہے جس کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں:
کیٹاگری میں : صحت