کراچی:ا توارکوتعطیل کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں طویل دورانیہ کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اوربجلی کی بندش کے خلاف غریب آباد،گلستان جوہر،داؤد چورنگی لانڈھی، کورنگی،رنچھوڑلائن سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔
غریب آباد مسجد قباء اوراطراف کے علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے اورغریب آباد لیاقت آباد کی مرکزی شاہراہ کےدونوں ٹریک بند کردیے۔
لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔داؤد چورنگی فیوچر موڑ خٹک ہسپتال کے سامنے شہریوں نے کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ لانڈھی داود چورنگی اوراطراف کے علاقے میں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جب چاہے کے الیکٹرک بجلی کی سپلائی معطل کردیتا ہے۔
کورنگی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ غیراعلانیہ بجلی بندش کرنے کے خلاف شہریوں نے کورنگی کراسنگ پراحتجاج کیا۔رنچھوڑلائن کی مختلف آبادیوں میں بجلی کی بندش کے باعث شہریوں نے نشترروڈ پراحتجاج کیا اورعلاقہ مکین کے الیکٹرک کے مقامی دفترکے باہرجمع ہوگئے اوربجلی بحالی کا مطالبہ کیا۔ نارتھ کراچی میں بجلی بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہوئے،کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے سڑک کو تمام ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کے سبب ٹریفک جام ہوگیا،کے الیکٹرک انتظامیہ کی طرف سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ بجلی بندش میں اضافے کے باعث شہری بلبلا اٹھے نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے اور 11 بی,سیکٹر 8 اور سیکٹر 9 جوکہ لوڈشیڈنگ سے مثتثنی قراد دیئے گئے ہیں اس کے باوجود کے الیکٹرک نے طویل بجلی بندش کو وطیرہ بنا لیا گرمی کہ شدت میں اضافے اور بجلی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی اور شہریوں نے تنگ آکر بارہ دری اسٹاپ پر احتجاج کیا اور کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں تھے،مشتعل مظاہرین ٹائر جلا کر سڑک کو تمام ٹریفک کے لیئے بند کردیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔