اسلام آباد:حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں 88 پیسے فی لیٹر مزید اضافہ کردیا ۔جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو مکمل ریلیف نہ مل سکا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں 88 پیسے فی لیٹر مزید اضافہ کردیا گیا۔
پیٹرول پر کمپنیوں کا مارجن 6.47 روپے سے بڑھ کر 6.94 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
جبکہ پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 7.41 روپے سے بڑھ کر 7.82 روپے فی لیٹر ہو چکا ہے۔یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کی گئی ہے، نئی قیمت 323 روپے38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی، ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 318 روپے18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔دریں اثناشہریوں نے گزشتہ روز نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو ناکافی قراردے دیا۔نگران وفاقی حکومت کی جانب سے قیمت میں 8 روپے کی کمی کی گئی ہے جس سے عوام نا خوش دکھائی دے رہی ہے۔عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 26 روپے اضافے کے بعد 8 روپے کم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، اس سے مہنگائی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔دوسری جانب وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی قدر میں بہتری کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزارت خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم پر 60 روپے اور ڈیزل پر 50روپے فی لیٹر لیوی برقرار رکھی گئی۔