کراچی:ترجمان کراچی پولیس نے ہفتہ وارکارگردگی رپورٹ میں کہاہے کہ انسداد جرائم کے دوران ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 37 مقابلے ہوئے،فائرنگ کے تبادلے میں 6 ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ 33 زخمی ڈاکوؤں سمیت 50 ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس گرفتارملزمان سے 48 مختلف اقسام کا غیرقانونی اسلحہ اور 21 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جبکہ برآمدہ اسلحہ کو فرانزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ ذونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 949 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس کیجانب سے منشیات کیخلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 55 کلو 469 گرام چرس، ہیروئین اور آئس،کرسٹل برآمد کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کاکہناہے کہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 168 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 68 موٹرسائیکلیں اور 07 گاڑیاں برآمد کر کے تحویل میں لی گئیں۔اتوار کو جیل چورنگی فلائی اوور کے قریب کار سوار شہری کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ بفر زون سیکٹر 15-B کے قریب لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 ڈاکو زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جیل چورنگی فلائی اوورپر ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کے بعد کار سوار شہری موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی بھی ہوا ہے، جس سے تفتیش کر رہے ہیں۔زخمی ہونے والے ڈاکو نے پہلے خود کو راہ گیر بتایا تھا، جس سے مشکوک ہونے کے باعث پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے بفر زون سیکٹر 15-B کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکو ایک شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔اس دوران شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 ڈاکو زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ،تینوں ڈاکوؤں عامر حسین، عبدالرحمٰن اور اسماعیل کو گرفتار کر کے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔