کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے سینئرڈپٹی کنوینرنسرین جلیل کے ہمراہ ملیرٹاؤن آفس کا دورہ کیا اورکارکنان و ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یکم اکتوبرکوملیرٹاؤن میں کامیاب جلسے پرمبارکباد پیش کی۔
اس موقع پرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا گیا تھا مگرہم قائد اعظم کا پاکستان واپس لیں گے،یہ پاکستان ہمارے اجداد نے بنایا تھا یہ ہمارے بغیر چل نہیں سکا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملیرکے کارکنان اورعوام نے کراچی واپس کراچی والوں کے پاس آنیکی نوید سنا دی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ کراچی کو لوٹنے والے پریشان ہیں کہ کراچی کے اصل وارث واپس آگئے،اب ہم اپنا پورا کراچی واپس لیں گے ،
خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ کراچی دشمنوں کی نیندیں اُڑا دیں گے،ملیرکے کارکنان اورحق پرست عوام کو شاباش اورمبارکباد پیش کرتے ہیں،اس موقع پراراکین رابطہ کمیٹی سید امین الحق،ارشاد ظفیراورآسیہ اسحاق بھی موجود تھیں۔
علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ہونے والے ایم ڈی کیٹ میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بے قاعدگیوں میں ملوث مجرمان کو بے نقاب کیا جائے ۔رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ اس قسم کے سنگین جرائم طلبہ و طالبات کے مستقبل کو تاریک کر سکتے ہیں لہٰذا ایم کیو ایم پاکستان ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے اور اس بات کو ممکن بنایا جائے کہ پیپر آؤٹ نہ ہوسکے اور کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ہونے والے ایم ڈی کیٹ میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بے قاعدگیوں میں ملوث مجرمان کو بے نقاب کیا جائے۔