صحافیوں کی خاطر کے یو جے کو ضم کرنے کیلیے تیار ہیں، فہیم صدیقی

کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر فہیم صدیقی نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کیلیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہونا چاہیے تاکہ تحریک بھرپور طریقے سے چل سکے اور کارکنان کے مسائل حل ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں کے یو جے کے کارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فہیم صدیقی نے پیش کش کی کہ اگر صحافیوں کے حقوق کیلیے کوئی بڑا قدم اٹھایا جاتا ہے کہ مجھ سمیت کے یو جے کی تمام کابینہ مستعفی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے یو جے کو دیگر تنظیموں کے ساتھ ضم کرنے کیلیے تیار ہیں مگر اس میں شرط صرف صحافی کارکنان کا تحفظ، بقا اور خوشحالی ہے، اگر کوئی اس بات کی یقین دہانی کراتا ہے تو یقین مانیں کہ ہم پھر ایک منٹ بھی انتظار نہیں کریں گے۔

اس موقع پر فہیم صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ہم نے صحافیوں کے مسائل، جبری برطرفیوں اور ادائیگیوں کیلیے ہم نے مشترکہ تحریک چلائی، جس کے حوصلہ افزا نتائج بھی سامنے آئے مگر پھر وہ ختم ہوگئی اور اس کے خاتمے کی وجہ مورخ خود لکھے گا میں اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک بات کا شکوہ کیا کہ دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صحافی رہنماؤں یا تنظیم نے کارکنان کے مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے۔ فہیم صدیقی نے اس بات کو بھی دہرایا کہ صحافیوں کے تحفظ کیلیے ہم نے جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن بنایا اور کسی کے خلاف بھی ہونے والے ظلم پر ہم بلا تفریق کھڑے ہوجاتے ہیں۔

تقریب میں کارکنان میں پی ایف یو جے کارڈز تقسیم کیے گئے۔ جبکہ تقریب میں دیگر شرکا اور سابق صدر سمیت جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن کے رکن نے بھی اظہار خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: