کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں رینجرز اہلکار دلدار کے قتل کے مقدمے میں تفتیشی افسر سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
زرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن ملزم عبید کے ٹو کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران عدالت میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد نے بتایا کہ ملزم کے ٹو کے خلاف انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ٹرائل جاری ہے۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد حسین نے عدالت کو بتایا کہ کیس کے اہم گواہ رینجرز اہلکار ریٹائرڈ ہو چکے ہیں،انہوں نے بتایا کہ 9 اکتوبر کو ملزم عبید کے ٹو کے خلاف گواہ کا بیان ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ گواہ کا بیان ریکارڈ ہونے تک درخواستِ ضمانت کی سماعت ملتوی کی جائےلہذا عدالت نے ملزم عبید کے ٹو کی درخواستِ ضمانت کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔
پولیس کے مطابق ملزم عبید نے 1998ء میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے رینجرز اہلکار دلدار کو قتل کر دیا تھا۔